فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ

   

پوچھ تاچھ کیلئے مہوا موئترا اور درشن ہیرانندانی کی آج طلبی
نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کی خلاف ورزی کے معاملے میں ترنمول کانگریس کی لیڈر مہوا موئترا اور بزنس مین ہیرانندانی کو سمن بھیجا ہے۔ اس کے ذریعے ای ڈی نے ان دونوں کو 28 مارچ کو دہلی میں تفتیش کیلئے طلب کیا ہے۔ اس سے قبل بھی ایجنسی انہیں تفتیش کے لیے طلب کر چکی ہے جبکہ 24 مارچ کو سی بی آئی مہوا موئتراکی رہائش گاہ پر دھاوا بھی کر چکی ہے۔ای ڈی نے مہوا موئترا اور درشن ہیرانندنانی کو فارن ایکسچنج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کے معاملے میں تفتیش کیلئے یہ سمن جاری کیا ہے۔ انہیں ان کی پارٹی ٹی ایم سی نے مغربی بنگال کے کرشنا نگر سے لوک سبھا کا امیدوار بنایا ہے۔ دھاوے کے خلاف مہوا موئترا نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی اور سی بی آئی کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ لوک سبھا کے رکن نشی کانت دوبے نے مہوا موئترا پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے صنعت کار گوتم اڈانی اور وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر کو نشانہ بنانے کے لیے دبئی کے تاجر ہیرانندانی سے ’نقدی اور تحائف‘ ملنے کے بعد ایوان میں سوالات کئے تھے۔ موئترا نے ان الزامات کی تردید کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ انہیں اس لیے نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ انہوں نے اڈانی گروپ کے بارے میں سوالات کیے تھے۔