ڈھاکہ 20 اگسٹ ( ایجسیز) بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے سینئر لیڈر مرزا فخر الاسلام عالمگیر کو بنگلہ دیش کا 23 واں صدر منتخب کرلیا گیا ہے ۔ عموما بنگلہ دیش میں صدر کا انتخاب اتفاق رائے سے کیا جاتا ہے تاہم گذشتہ 35 برس میں یہ پہلا صدارتی الیکشن عمل میں آیا ہے جہاں بی این پی کے علاوہ جماعت اسلامی نے بھی اپنے امیدوار کو نامزد کیا تھا ۔ بنگلہ دیش کے سابق مشیر اعلی محمد یونس نے فخر الاسلام عالمگیر کو بنگلہ دیش کا 23 واں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ عالمگیر نے اپنے واحد حریف جماعت اسلامی کے امیدوار کرنل ( ریٹائرڈ ) علی احمد کو شکست دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی ۔ ان کی یہ کامیابی بڑی اکثرتی سے ہوئی ہے ۔ فخر الاسلام عالمگیر کو جملہ 255 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ علی احمد نے 88 ووٹ حاصل کئے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نتائج کو آج سرکاری گزٹ کا حصہ بنادیا جائے گا ۔ بنگلہ دیش میں آخری مرتبہ صدارتی انتخاب 8 اکٹوبر 1991 کو ہوا تھا جب بی این پی امیدوار عبدالرحمن بسواس نے عوامی لیگ کے امیدوار بدرالحیدر چودھری کو شکست دیتے ہوئے ملک کے 11 ویں صدر منتحب ہوئے تھے ۔ اس کے بعد سے ملک میں صدارتی انتخاب کیلئے کوئی رائے دہی نہیں ہوئی تھی ۔