نظام آباد میں مفت میگا طبی و کینسر اسکریننگ کیمپ ۔ پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا کا خطاب
نظام آباد۔8 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پولیس کمشنر نظام آباد پی سائی چیتنیا نے کہا کہ فرائض کی مسلسل انجام دہی کے دوران پولیس عملہ کو اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے اور ڈاکٹروں کے مشوروں پر عمل کرنا ناگزیر ہے۔ آج گریس کینسر فاؤنڈیشن حیدرآباد اور اندور کینسر ہاسپٹل نظام آباد کے اشتراک سے منعقدہ خواتین کے لیے مفت میگا طبی و کینسر اسکریننگ کیمپ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کا آغاز شمع روشن کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو اپنی صحت کے تئیں خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ کینسر کی بروقت تشخیص سے علاج آسان ہو جاتا ہے، اس لیے باقاعدہ طبی معائنہ نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی صحت ہی بہتر خدمات کی بنیاد ہے اور اگر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تو ادویات کے استعمال کی ضرورت کم پڑتی ہے۔ انہوں نے متوازن غذا، مناسب احتیاط اور جسمانی ضروریات کے مطابق خوراک اختیار کرنے کی بھی تلقین کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر چھ ماہ میں ایک مرتبہ طبی معائنہ کروانا چاہیے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر لازمی عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کے کیمپس کے ذریعے خواتین پولیس عملہ کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے۔ بعد ازاں پولیس کمشنر نے کیمپ کا افتتاح انجام دیا جہاں خواتین پولیس عملہ کے لیے خصوصی طبی معائنہ، کینسر اسکریننگ اور دیگر ٹسٹ مفت انجام دیے گئے اور ضروری ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ ماہر ڈاکٹروں نے کینسر کی علامات، احتیاطی تدابیر اور علاج کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں، بالخصوص بریسٹ کینسر اور سروائیکل کینسر کے متعلق شعور بیدار کیا گیا۔ڈاکٹروں نے مشورہ دیا کہ 30 سال سے زائد عمر کی خواتین ہر تین سال میں ایک مرتبہ پاپ اسمیر ٹسٹ اور 40 سال سے زائد عمر کی خواتین ہر دو سال میں ایک مرتبہ میموگرافی ٹسٹ کروائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی پی جی بسوا ریڈی، کے رام چندر راؤ، ڈاکٹر سرلا، ڈاکٹر جی امر دیپیکا، ڈاکٹر پی اروند، ڈاکٹر شیلجا، ڈاکٹر رتیکا، ڈاکٹر رویندر ناتھ سوری سمیت دیگر طبی ماہرین اور پولیس عملہ کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔