پیرس : فرانس کی حکومت نے حال ہی میں ملک کے لیے درکار کارکنوں کی ضرورت کے پیش نظر امیگریشن کی پالیسی میں تبدیل کے لیے ایک بل لانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت غیر قانونی تارکین وطن کو فرانس میں رہنے کے خصوصی پرمٹ دیے جا سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد قانونی دستاویز نہ رکھنے والے تارکین وطن کا استحصال روکنا اورایک ایسے وقت میں کارکنوں کی دستیابی ممکن بنانا ہے جب یورپی ملکوں کو مزدوروں کی کمی کا سامنا ہے۔ گزشتہ دنوں فرانس میں غیرقانونی تارکین وطن کی بے دخلی کے احکامات سے امیگریشن کا مسئلہ اس وقت سیاسی گفتگو کا موضوع بن گیا جب انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ایک رکن پارلیمنٹ گریگور ڈی فورنس نے اپنے ایک سیاہ فام رکن اسمبلی سے کہا کہ تم افریقہ واپس چلے جاؤ۔ اس پر احتجاج اور بحث کے نتیجے میں گریگور کو 15 روز کے لیے اسمبلی سے معطل کر دیا گیااور 15 دن کی تنخواہ بھی روک لی گئی۔