حیدرآباد۔ 16 جولائی (سیاست نیوز) بنگلورو میں فرانس کے کونسل جنرل مارک لامیا کی قیادت میں فرانس کے سفارتی وفد نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا سے ملاقات کی۔ بھٹی وکرامارکا نے تلنگانہ میں ٹیکنالوجی اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ سکریٹریٹ میں ہوئی اس ملاقات کے دوران فرانس کے وفد نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رشتوں کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔ تلنگانہ حکومت کے عہدیداروں نے ان شعبہ جات کی تفصیلات پیش کیں جن میں عالمی اداروں نے سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے فرانس کے وفد سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کی ترقی میں اپنی حصہ داری ادا کریں تاکہ عوام کی بہتر خدمات کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکیں۔ حکومت کی 18 ماہ کی کارکردگی میں فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری سے فرانسیسی وفد کو واقف کرایا گیا۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ اور فرانسکو کے صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر کرشنا بھاسکر اور دوسرے عہدیدار موجود تھے۔ 1