فرضی آدھارکارڈ بنانے کے الزام میں ایک شخص گرفتار

   

گروگرام: پولیس نے چہارشنبہ کوکہاکہ چیف منسٹرس فلائنگ اسکواڈ نے گروگرام کے چکر پورگاؤں میں مبینہ طور پر فرضی آدھارکارڈ بنانے کے الزام میں ایک شخص کوگرفتارکیا ہے۔ ملزم کی شناخت محمد عارف کے طور پر ہوئی ہے جو مغربی بنگال کا رہنے والا ہے۔ اسکواڈ نے چکر پورگاؤں میں واقع دکان معراج کامن سروس سینٹر پر چھاپہ مارکر ملزم کوگرفتارکر لیا۔ پولیس نے اس کے پاس سے جعلی دستاویزات بھی ضبط کی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ عارف کا ایک ساتھی تاحال فرار ہے۔ سی ایم کے فلائنگ اسکواڈ نے کہا،ہمیں جعلی آدھارکارڈ بنانے والے ایک شخص کے بارے میں اطلاع ملی ہے۔
ٹیم کی قیادت ڈی ایس پی اندرجیت سنگھ یادو کر رہے تھے۔ پولیس نے دہلی، بہار، روہتک کے جعلی پین کارڈ، ووٹر کارڈ اور پیدائشی سرٹیفکیٹ اور سیکٹر 28 میں واقع ایک اسکول کے پرنسپل کے جعلی مہریں ضبط کیں۔ ایک سی پی یو، لیپ ٹاپ، پرنٹر اور ایک سکینر بھی برآمد ہوا۔ ڈی ایس پی یادو نے کہا کہ ملزم آدھار کارڈ جاری کرنے کے لیے اپنے صارفین سے صرف ان کا نام اور تصویر مانگتا تھا۔وہ آدھار کارڈ جاری کرنے کے لیے تقریباً 2500 سے 3000 روپے وصول کرتا تھا۔