فرضی پروٹوکال آفیسر گرفتار

   

چیف منسٹر کیمپ آفس میں خدمات انجام دینے کا جھانسہ
حیدرآباد ۔ 10۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : عبداللہ پور میٹ پولیس نے ایل بی نگر اسپیشل آپریشن ٹیم کے ساتھ ایک مشترکہ کارروائی میں فرضی پروٹوکال آفیسر کو گرفتار کرلیا جس نے خود کو پروٹوکال کا عہدیدار اور سی ایم کیمپ آفس میں خدمات انجام دینے کا جھانسہ دیا تھا ۔ مہدی پٹنم کے ساکن ایک ٹیکس کنسلٹنٹ کو سرکاری اراضی کم قیمت میں دلانے کا جھانسہ دے کر 23 سالہ بوس پروین سائی نے اس شخص سے لاکھوں روپئے لوٹ لیے تھے ۔ پولیس کے مطابق فرضی پروٹوکال عہدیدار ونستھلی پورم علاقہ میں رہتا تھا جو ایم ٹیک کا طالب علم بتایا گیا ہے ۔ شکایت گذار راما مہیشور شرما کا ڈرائیور انیل اکثر سائی سے ملاقات کرتا تھا اور ایک دن اس نے اپنے اونر سے سائی کی ملاقات کروایا ۔ سائی نے انتہائی مہذب انداز میں اس شخص کو اپنی جعلسازی کا شکار بنایا اور فرضی دستاویزات شناختی کارڈ میان پیاک و دیگر اشیاء دکھائی سائی نے شرما کو سرکاری اراضی کم قیمت پر دلانے کا اور 25 لاکھ روپئے میں معاہدہ طئے ہوا اسی دوران بطور اڈوانس دو لاکھ 10 ہزار روپئے رقم کو حاصل کرلیا پھر اس کے بعد 6 لاکھ روپئے مزید حاصل کرلیے ۔ جب شکایت گذارنے اراضی کے متعلق دریافت کیا تو وہ اسے ٹالنے لگا ۔ ایک دن شکایت گذار خود اراضی پر پہونچا اور اس نے تعمیرات کو دیکھ کر حیرت ظاہر کی اور مقامی افراد کے علاوہ اراضی پر تعمیری کام کرنے والوں سے سائی کے متعلق دریافت کیا اور اس کے بعد پولیس میں شکایت کردی ۔۔ ع