غیر قانونی طور پر ادویات کی فروخت کا پتہ چلایا
حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے ڈگری کے بغیر ہی کھمم ضلع میں پریکٹس کرنے والے ایک نقلی ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کی ہے۔ اس کے علاوہ اشتہارات کے ذریعہ غیر قانونی طور پر مختلف بیماریوں کی ادویات کے فروخت کا پتہ چلایا ہے۔ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے بڑے پیمانے پر ادویات کو ضبط کیا جو غیر قانونی طور سے تیار کی گئیں۔ حکام نے کھمم ضلع کے تروملا پالم منڈل میں پی انجیا کے فرضی کلینک کا پتہ چلایا جو ڈگری کے بغیر ہی پریکٹس کررہے تھے۔ تحقیقات کے دوران حکام نے 55 اقسام کی ادویات کو ضبط کیا جو غیر قانونی طریقہ سے فروخت کی جارہی تھیں۔ حکام نے 84764 روپے مالیاتی ادویات کو ضبط کیا۔ تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ مذکورہ فرضی ڈاکٹر مریضوں کو بعض ایسے انجکشن دے رہے تھے جو عام حالات میں نہیں دیئے جاسکتے۔ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے رنگاریڈی، نرمل، عادل آباد اور ناگرکرنول میں دھاوے کرتے ہوئے ہائی بلیڈ پریشر، موٹاپا اور گردے کے عوارض کے علاج کے نام پر غیر قانونی طور پر تیار کردہ ادویات فروخت کی جارہی تھیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فرضی ڈاکٹرس اور غیر قانونی ادویات کی فروخت کے بارے میں ٹول فری نمبر 1800-599-6969 پر اطلاع دیں۔ 1