فرقہ وارانہ پیامات وائرل کرنے کیخلاف ادھو ٹھاکرے کا انتباہ

,

   

ممبئی 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 500 سے تجاوز کرچکی ہے۔ چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے نے کورونا سے متعلق سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر غلط پیامات کے خلاف عوام کو سخت انتباہ دیا ہے۔ واٹس ایپ، ٹک ٹاک اور ٹوئٹر پر فرقہ وارانہ تفرقہ اور نفرت پھیلانے والے پیامات وائرل ہونے کی اطلاع پر چیف منسٹر نے سخت کارروائی کی وارننگ دی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کوویڈ ۔ 19 وائرس کی طرح فرقہ وارانہ وائرس بھی ہے۔ اُنھوں نے غلط پیامات سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ کورونا وائرس کوئی مذہب نہیں دیکھتا۔ ممبئی میں 9 مارچ کو کورونا وائرس کا پہلا مریض منظر عام پر آیا تھا جہاں اب اِس مہلک وباء سے کم از کم 20 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ یہ مہلک وباء ہے۔ عوام کو قواعد کی سخت پابندی کرتے ہوئے مکانوں پر ہی رہنا چاہئے۔ اُنھوں نے اِس موقع پر دہلی کے نظام الدین کے تبلیغی مرکز کے واقعہ کا بھی ذکر کیا۔ ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ تبلیغی مرکز کے باعث وباء کے پھیلنے کے اثرات سے نمٹا جائے گا۔ جو کچھ دہلی میں ہوا مہاراشٹرا میں ایسا ہونے نہیں دیا جائے گا۔ قبل ازیں مہاراشٹرا میں تبلیغی اجتماع کی اجازت دی گئی تھی تاہم بعد میں صورتحال کے دیکھتے ہوئے اجازت نہیں دی گئی۔ اُنھوں نے بتایا کہ حکام کی جانب سے اُن افراد کو تلاش کیا جارہا ہے جنھوں نے دہلی کے مرکز میں شرکت کی تھی۔