فری ٹکٹ معاملہ میں ہراساں کرنے کی ویجلنس تحقیقات کیلئے چیف منسٹر کی ہدایت

   

حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے سن رائزرس حیدرآباد آئی پی ایل ٹیم انتظامیہ کو فری ٹکٹس کیلئے ہراساں کرنے میں ویجلنس اور انفورسمنٹ تحقیقات کی ہدایت دی ہے۔ آئی پی ایل ٹیم کے جنرل منیجر سریناتھ نے الزام عائد کیا تھا کہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر جگن موہن راؤ نے 27 مارچ کو اُپل اسٹیڈیم میں میاچ سے قبل فری ٹکٹوں کیلئے ہراساں کیا۔ سن رائزرس حیدرآباد کے انتظامیہ نے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ وہ حیدرآباد میں میاچس کھیلنے سے دستبرداری اختیار کرلیں گے۔ اِس سلسلہ میں تنازعہ نے شدت اختیار کرلی اور بتایا گیا کہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کو 3880 کامپلیمنٹری ٹکٹس حاصل ہوئے تھے۔ اِس سلسلہ میں میڈیا میں تفصیلات کی اشاعت کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اِس معاملہ کا سختی سے نوٹ لیا اور ویجلنس کی جانب سے تحقیقات کی ہدایت دی۔1