فلسطینیوں کیخلاف امریکہ برابر کا شریک :حماس

   

غزہ : اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ نے امریکی وزیرخارجہ انتھونی بلنکن کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم میں امریکہ برابر کا مجرم ہے۔ حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے یہ کہنا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، یہ قابض صہیونی ریاست کو فلسطینیوں کے قتل عام، جارحیت اور مظالم جاری رکھنے کی حمایت کرنا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کھلم کھلا اندھے تعصب کا شکار ہے جو فلسطینیوں کے بجائے اسرائیل کے حق دفاع کی حمایت کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی مجرم بم گرا کر فلسطینیوں کو ان کے گھروں کے اندر دفن کررہے ہیں۔ طاقت کا استعمال کرکے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے محروم کیا جا رہا ہے۔ مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے حملے جاری ہیں۔ فلسطین میں صحافیوں کے ہاتھ اور پائوں توڑے جا رہے ہیں، اور اس کے باوجود امریکہ آنکھوں پر پٹی باندھ کر صرف قابض اور ظالم ریاست کو دفاع کا حق دے رہا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ قابض دشمن کو نہیں، بلکہ دفاع کا حق فلسطینیوں کو حاصل ہے، جنہیں دنیا کے جدید ترین اور انتہائی مہلک ہتھیاروں سے حملوں کا سامنا ہے۔