فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے امریکی کانگریس سے اپیل

   

سنیٹر کارڈین کے وفد سے فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ کی ملاقات
رملہ : فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے امریکی کانگریس سے اپیل کی ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کو 1967 ء کی سرحدوں کی اساس پر تسلیم کرلیا جائے جبکہ مشرقی یروشلم اس کا دارالحکومت ہو۔ سنیٹر بین کارڈن زیرقیادت امریکی ارکان کانگریس کے وفد کے ساتھ میٹنگ کے اختتام پر جاری کردہ بیان میں فلسطینی وزیراعظم نے کانگریس والوں سے اپیل کی کہ امریکی قوانین میں ترمیم کی کوشش کریں جو فلسطینی نیشنل اتھاریٹی اور فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کو دہشت گردی سے جوڑتے ہیں۔ ژنہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی وزیراعظم نے وفد کے ساتھ اسرائیل ۔ فلسطین امن مساعی کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا جبکہ اسرائیلی حکومت 2 ریاستی حل کو ناکام بنانے کی مسلسل کوششیں کررہی ہے۔ اِس کے لئے اسرائیلی قبضے کو بڑھاوا دیا جارہا ہے اور فلسطینی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ اُنھوں نے امریکہ سے یہ اپیل بھی کی کہ اُن وعدوں اور عہد کی تکمیل کی جائے جو فلسطینیوں سے کئے گئے جن میں مشرقی یروشلم میں امریکی قونصل خانہ کی دوبارہ کشادگی نمایاں ہے۔