فلسطین نے اسرائیل اور امریکہ سے تمام معاہدے ختم کردئیے

,

   

رملہ۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ دستخط کردہ تمام معاہدے ختم کرنے کا اعلان کیاہے۔تفصیلات کے مطابق صدر محمود عباس نے یہ اعلان رملہ میں ہنگامی اجلاس کے دوران کیا جو مغربی کنارے کے بعض علاقوں کو ضم کیے جانے کیاسرائیلی منصوبوں پرغور کے لیے بلایا گیا تھا۔ اس اعلان میں اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی سمجھوتے اور اوسلو معاہدہ شامل ہے جس میں 1993 میں دستخط کیے گئے تھے۔یہ ڈرامائی اعلان اتوار کو حلف اٹھانے والی نئی اسرائیلی حکومت کی طرف سے مقبوضہ مغربی کنارے کے حصوں کو ضم کیے جانے کے عندیے کے بعد سامنے آیا ہے۔یادرہے کہ نیتن یاہو شراکت اقتدار کے معاہدے کے تحت ڈیڑھ برس کے لیے وزیراعظم بنے ہیں اوراسرائیلی وزیراعظم نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مغربی کنارے کو اسرائیلی خود مختاری میں لانے کا وعدہ کیا تھا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمود عباس نے کہا کہ معاہدوں کو ختم کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اسرائیل کو اب ایک قابض طاقت کی حیثیت سے بین الاقوامی ذمہ داریوں اور فرائض کا بوجھ اٹھانا ہوگا۔فلسطینی صدر نے امریکہ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس نیڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے تحت امریکی سفارتخانے کی یروشلم منتقلی سمیت فلسطینوں کے خلاف سخت موقف اختیار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینوں پر ہونے والے ظلم وستم کے لیے امریکی انتظامیہ مکمل طور پر ذمہ دار ہے۔فلسطینی عوام کے خلاف اقدامات،غیر منصفانہ فیصلوں اور ہر قسم کی جارحیت پر قابض اسرائیلی حکومت کے ساتھ اسے بھی بنیادی شراکت دار سمجھتے ہیں۔