نئی دھلی : گزشتہ 36 دنوں سے فلسطین میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور قتل عام انسانیت کے چہرے پر بدنما داغ ہے۔ اسرائیل کے اس وحشیانہ قدم کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ان خیالات کا اظہار آئی ایم سی آر کے چیرمین اور سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب نے جمعہ کے روز ایران کے ہندوستان میں سفیر ڈاکٹر ایراج الہی سے ملاقات کے دوران کیا ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ہی شخصیات نے جس طرح کی بربریت اور وحشیانہ بمباری اسرائیل فلسطین پر کر رہا ہے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پیدا ہوئے انسانی المیہ پر تفصیلی بات چیت کی۔ گفتگو کے دوران محمد ادیب نے کہا کہ سب سے افسوسناک پہلو یہ ہے کہ خود کو انسانیت کا مسیحا بتانے والے امریکہ اور مغربی ممالک کی اسرائیل کو کھلی حمایت نے ان کے انسانیت مخالف چہرے سے نقاب کھینچ کر اتار پھینکا ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ہی قائدین نے خطے کے موجودہ حالات پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ محمد ادیب نے قیام امن کیلئے ایرانی کو ششوں کی جم کر ستائش کی اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جس طرح سے فلسطینی عوام کو سیاسی، سفارتی اور اخلاقی تعاون دیتا آیا ہے وہ عالم اسلام کیلئے قابل تقلید عمل ہے۔