فلم کی ریلیز سے قبل ڈھائی گھنٹے غسل کرتا ہوں: شاہ رخ خان

   

ممبئی : بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی نئی فلم ریلیز ہونے سے قبل ڈھائی گھنٹے تک غسل کرتے ہیں۔شاہ رخ خان کیلئے 2023 کافی خوش قسمت سال ثابت ہوا۔ ان کی تین فلمیں ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ ریلیز ہوئی تھیں اور تینوں ہی کامیاب رہیں۔ اس سال شاہ رخ کافی لمبے وقفے کے بعد فلموں میں واپس آئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں شاہ رخ خان نے متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ’ورلڈ گورنمنٹ سمٹ‘ میں بطور مہمان شرکت کی جس میں اداکار سے سوالات پوچھے گئے۔شاہ رخ خان نے بتایا کہ ہندوستان میں زیادہ تر فلمیں جمعہ کو ریلیز ہوتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی ہر نئی فلم کی ریلیز سے ایک دن قبل یعنی کہ جمعرات کو ڈھائی گھنٹے تک غسل لیتے ہیں۔ اس عادت سے انہیں بہت سکون ملتا ہے۔شاہ رخ خان نے اپنی فلموں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ فلمیں ہٹ اور فلاپ ہونے کا سارا انحصار شائقین پر ہوتا ہے۔کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ ہم کسی فلم پر بہت زیادہ محنت کرتے ہیں اور وہ فلم فلاپ ہو جاتی ہے، اسی طرح کبھی کبھار کسی فلم کی کہانی جو اداکار اور ڈائریکٹر کو کچھ خاص پسند نہیں آتی وہ فلم سب سے زیادہ ہٹ ہو جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ناکام ہونا اور کامیاب رہنا زندگی کا حصہ ہے۔ ہمیشہ اپنے لیے دعا مانگنی چاہیے اور غلطیوں سے سیکھنا چاہیے تاکہ مستقبل میں مزید اچھا کام ہو سکے۔