فلک نما قتل واقعہ ، ملزم گرفتار

   

حیدرآباد : فلک نما قتل کیس میں پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ 6 جون کو 24 سالہ عبدالشارخ جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا ، ساکن مصطفیٰ نگر فلک نما کا اس کی ہی گاڑی پر سوار ایک نامعلوم شخص نے گلہ کاٹ کر قتل کردیا تھا ۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گاڑی کا نمبر حاصل کرتے ہوئے تحقیقات کا آ غاز کیا تھا اور اس قتل میں ملوث ایک آٹو ڈرائیور 39 سالہ سید انور کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ مئی 2020 ء میں سید انور کی 17 سالہ بیٹی عبدالشاہ رخ کے ساتھ چلی گئی تھی اور باپ کی شکایت پر پولیس نے شارخ کے خلاف اغواء ، عصمت ریزی اور پوکسو ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا تھا اور اسے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا ۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد عبدالشاہ رخ نے جاریہ سال 2 مئی کو سید انور کی بیٹی سے خفیہ طور پر شادی کرلی تھی اور اس بات کی اطلاع انور کو دی تھی ۔ شادی کرنے کے بعد سید انور کو شارخ اس کی بیٹی کو بھیجنے کیلئے اصرار کر رہا تھا جس کے نتیجہ میں انور نے نوجوان کا قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ۔ منصوبہ کے تحت 6 جون کو سید انور نے عبدالشاہ رخ کو اپنے مکان طلب کیا اور کسی کام کے بہانے اس کی ہی موٹر سیکل پر شاہ علی بنڈہ تک لیجانے کیلئے کہا اور جیسے ہی وہ لوگ ستار ہوٹل پہنچے انور جو عقبی سیٹ پر بیٹھا ہوا تھا، شاہ رخ کا تیز دھار بلیڈ سے گلا کاٹ دیا اور اس کی موقع واردات پر ہی موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے انور کو گرفتار کرتے ہوئے عدالت میں پیش کر کے جیل بھیج دیا۔