ساؤتھ زون میں مستقل ڈی سی پی کی عدم موجودگی سے واقعات میں اضافہ
حیدرآباد۔/14 نومبر،( سیاست نیوز) پرانے شہر میں قتل کی وارداتیں معمول بنتی جارہی ہیں اور چھوٹی چھوٹی وجوہات کے سبب قتل عام بات ہوتی جارہی ہے۔ پرانا شہر جو شہر کے ساؤتھ زون میں آتا ہے یہاں مستقل ڈپٹی کمشنر پولیس تعینات نہیں ہیں جبکہ کارگذار عہدیداروں کے بھروسہ پر پولیسنگ چلائی جارہی ہے۔ چاہے اسے پولیس کی ناکامی کہا جائے یا پھر معاشرہ میں بگاڑ لیکن سنگین وارداتیں رونما ہونے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ ایک تازہ ترین واقعہ فلک نما پولیس اسٹیشن حدود میں کل رات دیر گئے پیش آیا جس میں محمد عارف عرف شعیب کا تین افراد نے کلہاڑی سے حملہ کرکے قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 32 سالہ محمد عارف پیشہ سے موبائیل ٹیکنیشن تھا اور وہ اپنی بہن کے مکان واقع گڑی کا دواخانہ فلک نما میں مقیم تھا۔ وہ اکثر اپنے دوستوں کے ہمراہ گھومتا تھا کل رات دیر گئے بعض افراد نے اس پر حملہ کرکے قتل کردیا۔ مقتول کے بھائی محمد غوث نے فلک نما پولیس میں اس سلسلہ میں شکایت درج کرائی اور کہا کہ محمد امجد اور اس کے دو ساتھیوں نے ملکر شعیب کا قتل کردیا ہے۔ اطلاع ملنے پر فلک نما پولیس کے انسپکٹر سی ایچ دیویندر نائیک اپنی ٹیم کے ہمراہ وہاں پہنچ گئے اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا۔ دواخانہ عثمانیہ کو منتقل کئے جانے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ آپسی جھگڑے کے نتیجہ میں قتل کیا گیا ہے۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ب