فن لینڈ اور سویڈن کی ناٹو میں شمولیت کی راہ ہموار

   

انقرہ ۔ ترکی نے مغربی ملکوں کے عسکری اتحاد (ناٹو ) میں فن لینڈ اور سویڈن کی شمولیت کی مخالفت ترک کرنے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ جس کے بعد اب ان دونوں ملکوں کی ناٹو میں شمولیت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اسپین کے شہر میڈرڈ میں منگل کے روز ہوئے مذاکرات میں تینوں ملکوں نے ایک دوسرے کے تحفظ پر آمادگی کا اظہار کیااور ایک معاہدہ پر دستخط کیے۔ چار گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں ترکی کے ان دو ممالک کے ناٹو میں شامل ہونے پر ویٹو نہ کرنے کے فیصلے کے بعد کئی ہفتوں سے جاری کشمکش اپنے اختتام کو پہنچ گئی ہے۔ ترکی نے یہ فیصلہ ایسے موقع پر کیا ہے جب میڈرڈ میں ناٹو اجلاس منگل سے شروع ہو گیا ہے جس میں 30 ممالک کیقائدین شرکت کر رہے ہیں۔ ترکی کے فیصلے کے بعد فن لینڈ اور سویڈن نیوکلیر ہتھیاروں سے مسلح ناٹو اتحاد کے رکن بن سکیں گے۔ ناٹو کے سیکریٹری جنرل ینز اسٹولٹنبرگ اور ترکی کے صدارتی محل نے الگ الگ بیانات میں اس حوالے سے ہونے والے معاہدہ کی تصدیق کی ہے۔یاد رہے کہ قبل ازیں ترکی نے فن لینڈ اور سویڈن کی ناٹو میں شمولیت کی شدید مخالفت کی تھی لیکن آہستہ آہستہ اُس کا موقف نرم ہوگیا۔