فوج سے اظہار یگانگت کیلئے ریاستی وزیر پونم پربھاکر کی ریالی

   

عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ، کمشنر پولیس اور ضلع کلکٹرس کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 7۔ مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے پولیس اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو چوکسی کی ہدایت دی اور کہا کہ آپریشن سندور کے پیش نظر مرکز نے تمام ریاستوں کو چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر ریاست بھر میں ماک ڈرل کا اہتمام کرتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں باشعور بنایا گیا ہے ۔ پونم پربھاکر نے ہندوستانی افواج سے اظہار یگانگت کیلئے ایک ریالی منظم کی جس میں انہوں نے ہندوستانی افواج کی کارروائی کا خیرمقدم کیا۔ ریالی میں شریک افراد نے ہندوستانی فوج کے حق میں نعرے لگائے اور عہد کیا کہ فوج کے ہر اقدام کی تائید کی جائے گی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ دہشت گردووں کے ٹھکانوں پر کامیاب فوجی کارروائی انجام دی گئی جس کے ذریعہ کئی ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا ۔ پربھاکر نے کہا کہ سرحد پر کشیدہ صورتحال کے پیش نظر حیدرآباد کے شہریوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاستی حکومت ہر ممکن احتیاطی قدم اٹھا رہی ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی کی صورت میں پولیس کو فوری طور پر اطلاع دی جائے۔ ملک کی سالمیت اور اتحاد کے معاملہ میں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ہر کسی کو متحد ہونا چاہئے۔ کانگریس پارٹی نے قومی سطح پر مرکزی حکومت کے تمام فیصلوں کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ پونم پربھاکر نے کمشنر حیدرآباد سی وی آنند ، کلکٹر حیدرآباد اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہئے۔1