حیدرآباد۔ 16 جولائی (سیاست نیوز) فون ٹیاپنگ اسکام میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسکام کی جانچ کرنے والی خصوصی تحقیقاتی ٹیم ایسے افراد کو بیان دینے کیلئے طلب کررہی ہے جن کے نام ٹیاپنگ کی فہرست میں پائے گئے۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے ابھی تک 269 متاثرین کے بیانات ریکارڈ کئے ہیں۔ عہدیداروں کے مطابق تقریباً 4200 ٹیلی فونس ٹیاپ کئے گئے جن میں سیاسی قائدین، گورنرس، ہائی کورٹ ججس، میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد، فلمی شخصیتیں، فارما اور آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ افراد شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق پولیس عہدیدار پربھاکر راؤ کی ٹیم نے رکن کونسل تین مار ملنا کا ٹیلی فون بھی ٹیاپ کیا تھا۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے تین مار ملنا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بیان درج کرانے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن حاضر ہونے کی خواہش کی ہے۔ اسی دوران پربھاکر راؤ 7 ویں مرتبہ تحقیقاتی عہدیداروں کے روبرو پیش ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ متاثرین کے بیانات سے جن امور کا انکشاف ہوا ہے اس بارے میں سوالات کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ پربھاکر راؤ نے تین موبائیل فونس کا استعمال کیا جن میں سے پولیس نے ایک موبائیل فون ضبط کرلیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم نے پربھاکر راؤ کو دوسرے موبائیل فونس اور لیاپ ٹاپ بھی حوالہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 1