تلنگانہ ہائی کورٹ کا اہم فیصلہ، پاسپورٹ سرینڈر کرنے اور تحقیقات میں تعاون کی ہدایت
حیدرآباد ۔30۔جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ میں فون ٹیاپنگ معاملہ کے دو اہم ملزمین کو ضمانت منظور کرتے ہوئے اہم فیصلہ سنایا ہے ۔ سابق ایڈیشنل ایس پی بھوجنگ راؤ اور سابق ڈی سی پی ٹاسک فورس رادھا کشن راؤ کو ضمانت منظور کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے بعض شرائط مقرر کی ہیں۔ فی کس دو لاکھ روپئے کی سیکوریٹی کے علاوہ پاسپورٹ سرینڈر کرنے کی ہدایت دی گئی۔ عدالت نے دونوں ملزمین سے کہا کہ وہ پولیس تحقیقات میں حکام سے تعاون کریں ۔ ضمانت کی منظوری سے بھوجنگ راؤ اور رادھا کشن راؤ کی طویل عرصہ بعد جیل سے رہائی کی راہ ہموار ہوگئی۔ مقدمہ کے ایک اور ملزم پرنیت راؤ فی الوقت جیل میں ہے جبکہ دیگر اہم ملزمین کی ضمانت ہوچکی ہے۔ ایڈیشنل ایس پی تروپتنا کی ضمانت گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کی جانب سے منظور کی گئی ۔ اس مقدمہ کے دو ملزمین امریکہ میں ہیں اور حکومت کی جانب سے انہیں واپس طلب کرنے کی کارروائی کی جارہی ہے۔ امریکہ اور ہندوستان کے درمیان مجرمین کے تبادلہ سے متعلق معاہدہ کی روشنی میں دونوں ملزمین کو ہندوستان واپس طلب کرنے کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ دونوں کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کی گئی۔ ڈونالڈ ٹرمپ کے صدارتی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد امید کی جارہی ہے کہ فون ٹیاپنگ اسکام کے دونوں ملزمین پربھاکر اور شراون راؤ کو جلد ہی ہندوستان واپس طلب کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل اس وقت کی بی آر ایس حکومت کے اشارہ پر سیاسی اور دیگر اہم قائدین کے ٹیلیفون ٹیاپ کئے گئے تھے۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد اس معاملہ کی تحقیقات کا اعلان کیا گیا۔ نامپلی کورٹ نے ملزمین کی ضمانت کی درخواست کو دو مرتبہ مسترد کردیا جس کے بعد وہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔ سرکاری وکلاء نے ضمانت کی مخالفت کی لیکن طویل عرصہ سے جیل میں ہونے کے سبب عدالت نے ضمانت کی منظوری دی ہے۔1