جاپان اور نیدرلینڈز کا دلچسپ میچ دو، دو گول سے برابری پر ختم
فلاڈیلفیا( امریکہ ) 15؍جون ( ایجنسیز ) فٹبال ورلڈکپ 2026 میں سوئیڈن نے تیونس کو شکست دیدی۔ سوئیڈن کی جانب سے میچ کے پہلے ہالف میں گول ایاری نے 7 ویں منٹ میں گول کیا اور تیونس کی جانب سے بھی ایک گول کیا گیا۔ دوسرے ہالف میں سوئیڈن کی جانب سے تیونس کے خلاف مزید 4 گول کیے گئے جس کے بعد سوئیڈن کو 5 گول کی برتری حاصل ہوئی۔بعد ازاں میچ کے اختتام تک سوئیڈن کو تیونس پر ایک کے مقابلے میں 5 گول کی برتری حاصل رہی۔ دوسری طرف فٹ بال ورلڈ کپ کے چوتھے روز جاپان اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ دلچسپ مقابلے کے بعد دو، دو گول سے برابری پر ختم ہوگیا۔ جاپان کی ٹیم دونوں مرتبہ خسارے میں جانے کے باوجود میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہی۔ڈیلاس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز اور جاپان کی ٹیموں کا کھیل دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ دونوں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر ابتدا سے ہی حملے کئے اور جارحانہ موقف اختیار کیا مگر پہلے ہاف میں کسی بھی ٹیم کو گول کرنے میںکامیابی نہیں مل سکی۔دوسرے ہاف کے چھٹے منٹ میں نیدرلینڈز کے اسٹار کھلاڑی اور کپتان ورجل وین ڈائیک نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی۔ صرف چھ منٹ بعد ہی جاپان نے یہ خسارہ پورا کردیا اور کیٹو ناکامورا نے گول کیا۔64ویں منٹ میں نیدرلینڈز کے کرائی سینسیو نے گول کرکے پھر ٹیم کو سبقت دلادی۔ جاپان کی ٹیم نے خسارے میں جانے کے بعد ایک مرتبہ پھر نیدرلینڈز پر دباؤ ڈالا مگر اْن کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں، یوں لگا کہ شاید یہ مقابلہ نیدرلینڈز کے حق میں ختم ہو گا مگر جاپان کے ڈیچی کامادا نے 89 منٹ میں گول کرکے سب کے اندازے غلط ثابت کردیئے اس طرح جاپان اور نیدرلینڈز کا یہ دلچسپ میچ دو، دو گول سے برابری پر ختم ہوا۔