فٹبال ورلڈکپ: مراقش سے شکست پر بلجیم میں ہنگامہ

   

برسل :  فٹبال ورلڈکپ میں فیورٹ بلجیم کو مراقش کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں 2 گول سے اپ سیٹ شکست اور قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر عوام برہم ہوگئے اور سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا جب کہ فتح کا جشن منانے والے مراقشی شہریوں سے بھی مڈ بھیڑ ہوئی۔ فٹ بال جنون کا کھیل ہے اور جب ایونٹ ورلڈکپ ہوتو تو جذبات اور ہیجان عروج پر ہوتا ہے۔ اپنی اپنی ٹیم کو جہاں مداح آخری حد تک جاکر سپورٹ کرتے ہیں وہیں شکست پر غصے کے اظہار سے بھی باز نہیں آتے۔ورلڈ کپ کا آغاز سعودی عرب کے ہاتھوں تاریخی میچ میں ارجنٹائن کی اپ سیٹ شکست سے ہوا۔ دوسرا غیر متوقع اور کسی حد تک حیران کن نتیجہ کل میچ میں سامنے آیا جب مراقش کی قدرے کمزور ٹیم نے دنیا کی دوسری بہترین ٹیم بلجیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیدی۔ بلجیم میں مراقشی نسل کے تقریباً 5 لاکھ افراد رہتے ہیں جنھوں نے اپنے ملک کی فتح کا جشن بھی منایا۔ مقامی آبادی جو پہلے ہی شکست پر غصے میں تھی۔ مراقش شہریوں سے جھگڑ پڑی۔اپنی قومی ٹیم کی اس غیر متوقع شکست پر بلجیم کے شہری سڑکوں پر نکل آئے اور شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے دارالحکومت برسلز میں دکانوں میں توڑ پھوڑ کی، گاڑیوں اور ٹائر نذر آتش کردیئے۔ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوگیا۔ مظاہرین نے پولیس کو دیکھتے ہی ان پر بھی لاٹھیوں سے حملہ کردیا۔ کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔