دوحہ ۔قطر میں فٹبال ورلڈکپ 2022 کے انعقاد کے لئے فلک بوس عمارتوں پر مشتمل ہوٹلوں کو تیارکیا جا رہا ہے لیکن کورونا وائرس کے باعث پابندیوں نے ہوٹل صنعت کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق قطر میںکام کی غرض سے بسنے والے بیرونی ممالک کے کارکنوں کو وبائی مرض کے دوران ملک سے باہر رکھنے کے علاوہ سفری پابندیوں نے اسے اور بھی پیچیدہ بنا دیا ہے۔قطر میں مقیم ایک ہوٹل کے سابق مالک نے کہا ہے کہ موجودہ حالات نے عمارتوں کی تیاریوں کو مشکل بنا دیا ہے اور یہ یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ عمارتیں ورلڈکپ کے انعقاد سے قبل وقت پر تیار ہو جائیں گی۔ دوحہ کے ایک ہوٹل منیجر نے کہا ہیکہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن نے ان کے منصوبوں کو پیچیدہ بنا دیا اور بیرونی ممالک سے ملازمین لانے کے لئے تین سے پانچ ماہ انتظارکرنے پر مجبورکردیا۔ قطرکو امید ہے کہ فٹبال ورلڈکپ کے لئے دیگرخلیجی ممالک سے اور دنیا بھر سے تقریبا 15 لاکھ تماشائی میگا ایونٹ سے ایک ماہ قبل سے ایک ماہ بعد تک یہاں موجود ہوں گے لیکن تاحال فٹبال ٹورنمنٹ کے لئے درکار ہوٹلوں کے کمروں کی ضرورت ابھی باقی ہے۔ امید ہے کہ ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل سمندر میں پانی کے اندر 16 فلوٹنگ ہوٹل بنائیں جائیں گے جن میں مجموعی طور پر 1600کمرے فراہم کئے جائیں گے۔