فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کا آج آخری دن

   

می سیوا پر آن لائن سہولت، 13 مئی کی رائے دہی میں حصہ لینے کا موقع

حیدرآباد۔/14 اپریل، ( سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات ملک میں سیکولرازم اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔ الیکشن میں ہر ووٹ کی اپنی اہمیت ہوتی ہے لہذا ہندوستان کو فرقہ پرست طاقتوں سے بچانے کیلئے ہر رائے دہندے کو اپنے حق کا لازمی طور پر استعمال کرنا چاہیئے۔ الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات میںحصہ لینے کیلئے فہرست رائے دہندگان میں ناموںکی شمولیت کا موقع فراہم کیا ہے۔ تلنگانہ کی قطعی فہرست رائے دہندگان کی اجرائی کے باوجود الیکشن کمیشن نے 15 اپریل تک ناموں کی شمولیت کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی مہلت دی ہے۔ 13 مئی کو رائے دہی میں حصہ لینے کیلئے ایسے افراد جن کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل نہیں ہیں وہ اس موقع سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ ناموں کی شمولیت کیلئے فارم 6 اور ایک اسمبلی حلقہ دوسرے حلقہ میں نام کی منتقلی کیلئے فارم 8 داخل کرنے کیلئے صرف 24 گھنٹے کی مہلت ہے۔ 18 سال سے زائد عمر کے تمام افراد اپنے نام شامل کرنے کیلئے می سیوا مراکز پر آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اسی دوران چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ کے مطابق تلنگانہ کیلئے 25 مارچ کو جاری کردہ قطعی فہرست رائے دہندگان کے تحت تلنگانہ کے جملہ رائے دہندے 3 کروڑ 30 لاکھ 13 ہزار 318 ہیں جن میں مرد رائے دہندے 16414693 ہیں جبکہ خاتون رائے دہندے 16595896 ہیں۔ ٹرانس جینڈر رائے دہندوں کی تعداد 2729 درج کی گئی جبکہ سرویس ووٹرس 15472 ہیں۔ 18 سے 19 سال عمر کے رائے دہندوںکی تعداد 872116 بتائی گئی ہے۔ 85 سال اور اس سے زائد عمر کے رائے دہندے 193489 ہیں۔ معذور رائے دہندوں کی تعداد 526286 جبکہ این آر آئی ووٹرس3409 ہیں۔1