فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کیلئے ریاستی نظم و نسق متحرک

   

جنوری سے نئے ناموں کی شمولیت، گھر گھر سروے کے ذریعہ متوفی کے نام حذف کئے جائیں گے

حیدرآباد۔22 ۔ستمبر (سیاست نیوز) فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی مہم کے سلسلہ میں عہدیداروں نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ ایسے افراد جنہوں نے عمر کے 18 سال مکمل کرلئے ، ان کے نام 21 جنوری 2022 ء سے فہرست رائے دہندگان میں شامل کئے جاسکتے ہیں۔ ناموں کی شمولیت کے علاوہ عہدیدار فوت ہونے والے افراد کے ناموں کو فہرست سے حذف کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ایسے رائے دہندے جنہوں نے اپنا مقام تبدیل کرلیا ہے اور وہ موجودہ پتہ پر دستیاب نہیں ہیں، ان کے نام بھی فہرست سے خارج کردیئے جائیں گے ۔ عہدیداروں نے فہرست پر نظرثانی کیلئے گھر گھر پہنچ کر جانچ کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر شیشانگ گوئل کی ہدایت پر حکام نے ریاست بھر میں غیر موجود رائے دہندوں کے ناموں کو خارج کرنے کا عمل شروع کردیا ہے ۔ نومبر میں قطعی فہرست جاری کردی جائے گی اور عوام سے اعتراضات طلب کئے جائیں گے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کو عوام کی جانب سے کسی بھی اعتراض یا فہرست میں کسی ترمیم کے لئے خصوصی کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ ڈسمبر تک اعتراضات کی یکسوئی کردی جائے گی اور قطعی فہرست 5 جنوری 2022 ء کومنظر عام پر لائی جائے گی ۔ تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے سلسلہ میں متحرک ہوجائیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے فوت ہونے والے افراد کے علاوہ پتہ پر غیر موجود افراد کے ناموں کو حذف کرنے کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ فہرست کو قطعیت دیئے جانے کے بعد جنوری سے نئے ناموں کے اندراج کا آغاز ہوگا۔ R