فیس ریمبرسمنٹ تعلیمی سال 2026-27ء کیلئے 527.58 کروڑ کی اجرائی

   

حیدرآباد ۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں تعلیمی سال 2026-27ء کیلئے حکومت نے تعلیمی سال کے آغاز کے محض 3 ماہ کے اندر ہی انٹرمیڈیٹ، ڈگری اور پوسٹ گریجویٹ کورسیس میں زیرتعلیم طلبہ کے فیس ریمبرسمنٹ اور اسکالرشپ فنڈز براہ راست منتقلی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ پہلے مرحلہ کے تحت مجموعی طور پر 527,58 کروڑ روپئے کی بھاری رقم براہ راست 1.36 لاکھ طلبہ کے بینک کھاتوں میں کامیابی کے ساتھ جمع کرائی جاچکی ہے۔ اس طرح بی سی طبقات کے 81,019 طلبہ میں 266.54 کروڑ ایس سی طبقات کے 18,370 طلبہ میں 60.74 کروڑ، اقلیتی طبقات کے 15,438 طلبہ میں 71.90 کروڑ ‘ ایس ٹی طبقات کے 10,502 طلبہ میں 95.17 کروڑ ‘ ای بی سی طبقات کے 9,936 طلبہ کیلئے 33.21 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ حکومت نے کہا کہ پسماندہ طبقات کے طلبہ کی ٹیوشن فیس کی باقاعدہ ادائیگی کیلئے ہر ماہ 250 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے۔بجٹ حکمت عملی کے حصہ کے طور پر شروعاتی 3 ماہ کی حد میں جملہ 750 کروڑ روپئے کی رقم پہلے ہی تمام فلاحی محکمہ جات کے پاس جمع کرادی گئی ہے۔ پہلے تعلیمی سال مکمل ہونے کے بعد بھی ایک یا دو سال تک کالجس کے طلبہ کو فیس نہیں ملتی تھی وہیں اب تعلیمی سال شروع ہوتے ہی جملہ متوقع ڈیمانڈ کا تقریباً 25 فیصد حصہ ادا کردیا گیا ہے۔ اس وقت مختلف محکموں کے جملہ 4.01 لاکھ طلبہ آن لائن پورٹل پر اپنی درخواستیں پیش کرچکے ہیں جن میں 90 فیصد تجدید (Renewals) کی درخواستیں شامل ہیں جن کیلئے 1,200 کروڑ روپئے کے فنڈز کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ حکومت کے اعلان پر کے ’’پہلے آؤ پہلے پاؤ‘‘ کی بنیاد پر ترجیح دی جائے گی۔ کالجس اور طلبہ آخری تاریخ 30 ڈسمبر کا انتظار کئے بغیر تجدید اور نئی درخواستیں جمع کروارہے ہیں ۔2

اور فلاحی محکمہ جات بھی ضلعی سطح پر حل شدہ درخواستوں کیلئے فوری اور باقاعدہ منتقلی کا مضبوط انتظام کررہے ہیں۔2