فیفا ورلڈ کپ : محمد صلاح نے 92 سال بعد مصر کو جیت دلائی

   

نیوزی لینڈ کو 1-3 سے شکست‘مصری ٹیم کی کارکردگی بڑی ٹیموں کیلئے خطرہ کی گھنٹی
واشنگٹن ۔22 ؍جون ( ایجنسیز )فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ جی کے ایک اہم مقابلے میں مصر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 1۔3 سے شکست دے دی۔ 92 سال اور 25 دن قبل ورلڈ کپ میں ڈیبیو کرنے والی مصری ٹیم کی یہ عالمی کپ کی تاریخ میں پہلی فتح ہے۔مصر کی تاریخی کامیابی کے ہیرو اسٹار فٹبالر محمد صلاح رہے جنہوں نے نہ صرف ٹیم کیلئے فیصلہ کن گول اسکور کیا بلکہ ورلڈ کپ کے دو مختلف ایڈیشنزمیں گول کرنے والے مصر کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے۔صلاح نے 34 سال اور 9 دن کی عمر میں گول کرکے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کیا۔ وہ مصر کی جانب سے ورلڈ کپ میں گول کرنے والے معمر ترین کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے یہ اعزاز مجدی عبدالغنی سے چھین لیا جنہوں نے 1990 کے ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز کے خلاف 30 سال اور 320 دن کی عمر میں گول کیا تھا۔میچ کے آغازسے ہی نیوزی لینڈ نے جارحانہ انداز اپنایا اور 15ویں منٹ میں برتری حاصل کر لی۔ فن سرمن نے کارنرکک پرشاندارہیڈر کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا کراپنی ٹیم کو 0۔1 کی برتری دلا دی۔اس گول کے بعد بھی نیوزی لینڈ نے دباؤ برقرار رکھا اور پہلے ہاف میں مصر کو واپسی کا کوئی خاص موقع نہیں دیا۔ یہ پہلی بار تھا کہ مصر کسی ورلڈ کپ میچ میں ہاف ٹائم تک خسارے میں تھا۔وقفے کے بعد مصری ٹیم نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اتری اور مسلسل حملے شروع کردیے۔ محمد صلاح اور امام عاشور نے کئی مواقع پیدا کیے تاہم نیوزی لینڈ کے گول کیپرنے عمدہ بچاؤ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی برتری کو برقرار رکھا۔دوسری جانب مصری گول کیپر مصطفیٰ شوبر نے بھی اہم سیوز کرکے ٹیم کو میچ میں بنائے رکھا۔مصر کو 58ویں منٹ میں کامیابی ملی جب زیکو نے فری ہیڈر کے ذریعے گول کرکے اسکور 1۔1 سے برابر کر دیا۔صرف 9 منٹ بعد محمد صلاح نے اپنی عالمی معیار کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک خوبصورت ٹیم موو کے بعد نیچے کی جانب زبردست شاٹ لگایا اور مصر کو 1۔2 کی برتری دلا دی۔ یہ گول میچ کا فیصلہ کن موڑ ثابت ہوا۔پھر 82ویں منٹ میں ٹریزیگیٹ نے تیسرا گول اسکور کرکے مصر کی تاریخی فتح پر مہرثبت کر دی۔اس فتح کے ساتھ مصر نے نہ صرف ورلڈ کپ 2026 میں اپنی مہم کو مضبوط کیا بلکہ عالمی کپ کی تاریخ میں اپنی پہلی کامیابی بھی درج کروا دی۔ محمد صلاح کی قیادت میں مصری ٹیم نے ثابت کر دیا کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں بڑے حریفوں کیلئے خطرہ بن سکتی ہے۔