نئی دہلی، 23 مئی (یواین آئی) کانگریس صدر ملک ارجن کھرگے نے 8 دنوں میں تیسری بار پٹرول کی قیمت میں اضافہ پر کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت میں قیادت کا بحران پیدا ہو گیا ہے ، جس کی وجہ سے بار بار ایندھن کی قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔ کھرگے نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم رہنے کے دوران حکومت نے عوام کو کوئی راحت نہیں دی، بلکہ پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکس عائد کرکے عوام پر بوجھ ڈالا۔ اب بحران میں بھی حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مسلسل ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پٹرول اور ڈیزل پر روزانہ تقریباً 1000 کروڑ روپے کا مرکزی ٹیکس وصول کیا گیا، لیکن جب عالمی سطح پر قیمتیں کم تھیں تو اس کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچایا گیا۔ کانگریس صدر نے کہا کہ مغربی ایشیا میں کشیدگی کے دوران اٹلی، آسٹریلیا، جرمنی، برطانیہ اور آئرلینڈ جیسے ممالک نے اپنی عوام کو ریلیف دینے فیول پر ٹیکس میں کمی یا امدادی پیکیج دیے ، جبکہ ہندوستان میں اس کے برعکس اقدامات کیے گئے ۔