فیوچر سٹی ماسٹر پلان کی تیاری کیلئے 6 عالمی اداروں کی خدمات

   

آئندہ ماہ ٹنڈرس کی طلبی کا امکان، خصوصی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی تشکیل

حیدرآباد 21 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے فیوچر سٹی پراجکٹ کے ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے 6 عالمی سطح کے اداروں نے اپنی خدمات کا پیشکش کیا ہے جن میں 3 کا تعلق سنگاپور سے ہے۔ حکومت نے تلنگانہ ویژن 2047 کے تحت فیوچر سٹی کو سرمایہ کاری کے مرکز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پراجکٹ 765 مربع کیلو میٹر پر محیط رہے گا جس کے تحت 7 منڈل اور 56 مواضعات رہیں گے۔ حکومت نے فیوچر سٹی کی منصوبہ بندی کے سلسلہ میں بعض بین الاقوامی کنسلٹنٹس سے ربط قائم کیا اور 6 اداروں نے منصوبہ بندی میں حکومت سے تعاون کا فیصلہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ماسٹر پلان کی تیاری کے بعد پہلے مرحلہ کے ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔ مئی کے پہلے ہفتے تک ٹنڈرس کو قطعیت دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ مئی کے دوسرے ہفتے میں حکومت تعمیری کاموں کا آغاز کرنا چاہتی ہے۔ حکومت نے فیوچر سٹی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی تشکیل دی ہے۔ عہدیداروں کے مطابق ماسٹر پلان میں مختلف شعبہ جات کے لئے علیحدہ گوشے متعین کئے جائیں گے۔ حکومت نے فیوچر سٹی کے لئے جو اراضی حاصل کی ہے وہ شہری اور نیم شہری علاقوں پر مشتمل ہے۔ حکومت کو اُمید ہے کہ فیوچر سٹی کے قیام سے تلنگانہ میں نہ صرف صنعتی ترقی ہوگی بلکہ سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ ایچ ایم ڈی اے نے ماسٹر پلان 2031 کے تحت فیوچر سٹی اور اُس کے اطراف بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کا منصوبہ بنایا ہے۔i/k/V/1