فیڈرر،سرینا اور اوساکا تیسرے مرحلے میں داخل

   

ملبورن۔22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سوئٹزرلینڈ کے ریکارڈ 20 گرانڈ سلام خطابات حاصل کرنے والے راجر فیڈرر نے سیزن کے پہلے گران سلام آسٹریلین اوپن کے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں ایک آسان کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی پیشقدمی جاری رکھی ہے۔ فیڈرر نے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں سربیائی نوجوان کھلاڑی فلپ کراجنیووچ کو بہ آسانی راست سٹوں میں 6-1,6-4,6-1 سے شکست دی۔ فیڈرر نے مقابلہ کا شاندار انداز میں آغاز کرتے ہوئے پہلا سٹ صرف 15 منٹوں میں اپنے نام کیا اور اس سٹ میں انہوں نے سربیائی حریف کو صرف ایک گیم اپنے نام کرنے کا موقع دیا جبکہ متعدد مرتبہ ان کی سرویس توڑی۔ دوسرے سٹ میں فلپ نے کسی قدر بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 4 گیمز اپنے نام کئے۔ تاہم وہ سٹ میں کامیابی سے فیڈرر کو روک نہ سکے۔ حالانکہ انہوں نے مقابلے کے دوران فیڈرر کی سرویس پر چند شاندار ریٹرنس کھیلے۔ بریجار دیمترو کو سخت ترین مقابلے میں پال کے خلاف 6-4,7-6,3-6,6-7,7-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ دفاعی چیمپئن نواک جوکووچ نے حریف کھلاری ایٹو کو بآسانی 6-1,6-4,6-2 سے شکست دی۔ دیگر مقابلوں میں ریکارڈ 24 ویں گرانڈ سلام کے تعاقب میں موجود سابق عالمی نمبرا یک سرینا ویلیمس نے زیڈانکس کو راست سٹوں میں 6-3,6-2 سے شکست دی۔ جاپان کی نومی اوسکا نے دوسرے مرحلے کے اپنے مقابلے میں چین کے ژانگ کو راست سٹوں میں 6-4,6-2 سے شکست دی۔ پہلے مرحلے میں وینس ویلیمس کو شکست دینے والی امریکی نوجوان کھلاڑی کوری گاف نے دوسرے مقابلے میں سورنیا کرسٹی 4-6,6-3,7-5 سے شکست دی۔