قائدین متنازعہ بیانات نہ دیں : چراغ پاسوان

   

پٹنہ 21فروری (سیاست ڈاٹ کام ) لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی) کے قومی صدر اور بہار کے جموئی سے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے آج کہاکہ لیڈران کو متنازعہ بیان دینے سے بچنا چاہئے اور ایسے لیڈران کے بیانات کا حشر دہلی اسمبلی حلقہ میں دیکھ لیا ہے ۔ پاسوان نے پارٹی کے ریاستی دفتر میں ‘بہار فرسٹ بہاری فرسٹ یاترا’کی شروعات کرنے سے قبل پریس کانفرنس میںکہاکہ سماج کو تقسیم کرنے والی کسی بات کی وہ حمایت نہیں کرتے ہیں۔ کسی بھی طرح کے متنازعہ بیان سے عدم اتفاق ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مہذب سماج کے لئے یہ مناسب نہیں ہے ۔ انہوں نے مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے سنیئر لیڈر گری راج سنگھ کے پورنیہ میں دیئے گئے بیان سے متعلق پوچھے جانے پر کہاکہ ایسے لوگوں کے بیان کا حشر دہلی اسمبلی انتخاب میں ہم نے دیکھ لیا جس کا نقصان اٹھانا پڑا۔ ایسے لوگ ان کی پارٹی میں نہیں ہیں۔ایل جے پی صدر نے کہاکہ تقسیم کرنے والے اور ملک کو بانٹنے والے ایل جے پی کے ساتھ نہیں ہیں ۔ قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) میں رہتے ہوئے بھی ایسے لیڈران کے بیانات کی وہ حمایت نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہاکہ متعدد مواقع پر انہوں نے ایسے بیانات کی ترید کی ہے ۔ اب ترقی کی بات ہونی چاہئے ۔ پارٹی کی فکر سب کو ساتھ لیکر چلنے کی ہے ۔