قانون ساز کونسل انتخابات کے نتائج توقعات کے عین مطابق

,

   

ٹی آر ایس کے 4 ارکان اور مجلس کا 1 رکن منتخب ۔ کانگریس نے بائیکاٹ کیا ۔ ٹی آر ایس کے حلقوں میں جشن

حیدرآباد 12 مارچ (سیاست نیوز) ایم ایل سی انتخابات میں نتائج توقع کے مطابق رہے اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے 4 امیدوار اور حلیف جماعت کا ایک رکن کامیاب رہے۔ قانون ساز کونسل کی 5 نشستوں میں 4 پر ٹی آر ایس اور ایک نشست پر ٹی آر ایس کی حلیف جماعت نے مقابلہ کیا۔ ان کی کامیابی کانگریس کے انتخابی بائیکاٹ سے مزید آسان ہوگئی جیسا کہ توقع کی جارہی تھی۔ ٹی آر ایس کے ارکان قانون ساز کونسل کی حیثیت سے مسٹر محمود علی، سبھاش ریڈی، ملیشم، ستیاوتی راتھوڑ اور ایم آئی ایم کی جانب سے ریاض الحسن کامیاب ہوئے۔ ٹی آر ایس امیدواروں کو فی کس 20 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ مجلس کے امیدوار کو 19 ووٹ حاصل ہوئے۔ ریٹرننگ آفیسر نے کامیاب امیدواروں کو سرٹیفکٹ حوالے کئے۔ ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کے بعد پارٹی ہیڈکوارٹر کے علاوہ مختلف مقامات پر جشن منایا گیا اور زبردست آتش بازی کرتے ہوئے کارکنوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔ پرانے شہر کے علاقہ اعظم پورہ میں واقع وزیرداخلہ محمود علی کے مکان پر جشن کا ماحول تھا جہاں کامیابی کے اعلان کے ساتھ ہی کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ یاد رہے کہ ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی اُس وقت آسان ہوئی تھی جب کانگریس نے سخت برہمی کے عالم میں ایم ایل سی انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ کانگریس نے ارکان کے انحراف پر بطور احتجاج ایم ایل سی انتخابات سے دوری اختیار کرلی اور بائیکاٹ کا اعلان کیا جس کے ساتھ ہی ٹی آر ایس کے حلقوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی جبکہ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے صدر ایل رمنا نے اپنے اراکین اسمبلی کو وٹ کے استعمال سے دور رکھا اور انھیں انتخابات میں توجہ نہ دینے کی ہدایت کی تھی۔