قبرستانوں میں ہر مسلمان کو تدفین کی اجازت دی جائے

,

   

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی ہدایت، متولیوں اور کمیٹیوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد ۔27۔ مئی(سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے قبرستانوں کی مینجنگ کمیٹیوں اور متولیوں کو ہدایت دی کہ وہ تدفین کے سلسلہ میں جگہ فراہم کرنے سے ہرگز انکار نہ کریں۔ ہر قبرستان میں مفت تدفین کا انتظام کیا جائے اور مقامی اور غیر مقامی کی تفریق کئے بغیر ہر مسلمان کو تدفین کیلئے جگہ فراہم کی جائے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے گزشتہ دنوں شہر کے مضافاتی علاقہ میں مسلم میت کو قبرستانوں میں تدفین کی اجازت نہ ملنے پر شمشان گھاٹ میں تدفین کے واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان متولی یا مینجنگ کمیٹی کی ملکیت یا جاگیر نہیں ہے۔ کمیٹی اور متولی محض نگرانکار ہے ، لہذا تدفین کیلئے رقم کا مطالبہ کرنا یا غیر مقامی کہہ کر جگہ دینے سے انکار کرنا افسوسناک ہے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ جو بھی متولی یا کمیٹی اس طرح کی حرکت کرے گی ، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر کریمنل کیس درج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں قبرستانوں کی زیادہ تر کمیٹیاں اور متولی حضرات خوف خدا کے تحت کام کر رہے ہیں ۔ چند ایک متولی قبروںکی تجارت کر رہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وقف بورڈ کی ٹاسک فورس ہمیشہ اس طرح کے واقعات سے نمٹنے کیلئے تیار رہتی ہے ۔ وقف بورڈ کا اجلاس 6 جون کو طلب کیا گیا ہے ،

جس میں قبرستانوں میں تدفین سے انکار کرنے والے متولیوں اور کمیٹیوں کے خلاف کارروائی کے سلسلہ میں قرارداد منظور کی جا ئے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قبر کیلئے متولی یا کمیٹی کو ایک پیسہ دینے کی ضرورت نہیں، صرف قبر کھودنے کے اخراجات ادا کئے جاسکتے ہیں ۔ جو متولی اور کمیٹی رقم طلب کرے یا پھر جگہ دینے سے انکار کرے ، اس کی شکایت راست طورپر صدرنشین وقف بورڈ یا چیف اگزیکیٹیو آفیسر سے کی جاسکتی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ ہر مسلمان کو چاہے وہ کسی علاقہ کا کیوں نہ ہو، تدفین کیلئے جگہ سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں انتقال کی صورت میں وہیں پر تدفین کی جاتی ہے تو پھر ہندوستان کے قبرستان ہر مسلمان کیلئے کھلے کیوں نہیں ہے۔ انہوں نے متولیوں سے کہا کہ وہ قبرستانوں کو اپنی جاگیر نہ سمجھیں اور خدا کا خوف کریں۔ قبرستانوں کو تجارت بنانے والوں کے خلاف وقف بورڈ سخت کارروائی کرے گا۔ پولیس کو عنقریب سرکولر جاری کیا جائے گا جس کے تحت وہ متولیوں کے خلاف کارروائی کی مجاز ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں محمد سلیم نے کہا کہ لنگر حوض کے جس متولی نے تدفین کے لئے جگہ دینے سے انکار کیا، اس کے خلاف ضرورت پڑنے پر کریمنل کیس درج کیا جائے گا ۔ قبل ازیں صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک نے محمد سلیم کو یادداشت پیش کرتے ہوئے مسلم قبرستانوں میں ہر مسلمان کی تدفین کی اجازت کا مطالبہ کیا ۔