قبل از وقت عام انتخابات کیلئے بی جے پی کی تیاریاں !

   

کرناٹک نتائج کے بعد بے چینی ۔ 11 جون کو دہلی میں پارٹی چیف منسٹروں و قائدین کا اجلاس

حیدرآباد 8 جون (سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی قبل از وقت انتخابات کیلئے تیاریاں تیز کرچکی ہے!پارٹی کی جانب سے اکٹوبر میں عام انتخابات کیلئے اقدامات کئے جانے لگے ہیں!ملک میں عام انتخابات کو قبل از وقت منعقد کرنے کی قیاس آرائیوں کو آج اس وقت تقویت حاصل ہوئی جبکہ بی جے پی نے 11جون کو دہلی میں اپنے تمام چیف منسٹران ‘ ڈپٹی چیف منسٹران اور سرکردہ قائدین کا اجلاس طلب کیا ۔ کہا گیا کہ اجلاس میں آئندہ انتخابات کی تیاریوں کیلئے مشاورت اور منشور کی تیاری کے متعلق تبادلہ خیال ہوگا ۔دہلی میں 11 جون کو اجلاس میں بی جے پی قائدین کو مدعو کئے جانے کی توثیق کے ساتھ ہی سیاسی قائدین نے بھی اسے انتخابی تیاریوں اور قبل از وقت انتخابات کی سمت پیشقدمی کے طور پر دیکھنا شروع کردیا ہے۔ کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی کے بعد بی جے پی مرکزی قیادت کو اپنی کمزوری کا احساس ہونے لگا ہے اور وہ ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کے ساتھ عام انتخابات کے متعلق کوشش کر رہی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ نئی پارلیمنٹ میں مانسون سیشن کے ساتھ ہی مرکزی حکومت کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے اور اس فیصلہ کے بعد الیکشن کمیشن ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کے ساتھ عام انتخابات کی تواریخ کا بھی اعلان کرسکتا ہے۔اس کے علاوہ جن ریاستوں کے انتخابات گذشتہ عام انتخابات کے ساتھ ہوئے تھے ان ریاستو ںکے اسمبلی انتخابات بھی عام انتخابات کے ساتھ منعقد کرنے پر غور کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق بی جے پی اگر 11 جون کے اجلاس میں بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں اسمبلی تحلیل کرکے عام انتخابات کے ساتھ ان میں بھی انتخابات کی منصوبہ بندی کرتی ہے تو عام انتخابات کے ساتھ صرف 5نہیں بلکہ 11 اسمبلیوں کے انتخابات کا انعقادہوسکتا ہے۔ پارٹی قائدین کا احساس ہے کہ اگر عام انتخابات کے ساتھ ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے تو قومی مسائل کا اثر زیادہ رہے گا۔