نارائن پیٹ ۔24 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ ضلع میں بارش کی کمی کے پیش نظر ضلع کلکٹر پرینکا نے حکم دیا ہے کہ تمام محکموں کے افسران کو ال نینو کے اثرات سے پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کے لئے مربوط احتیاطی اقدامات کرنے چاہئیں۔ضلع کلکٹریٹ کے ویڈیو کانفرنس ہال میں ال نینو کے اثرات، پینے کے پانی کی فراہمی، زراعت، صحت عامہ اور ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر ضلعی عہدیداروں کے ساتھ کوآرڈینیشن میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ کلکٹر نے مشورہ دیا کہ منڈل اور دیہی سطح کے افسران کو نومبر اور ڈسمبر کے مہینوں میں فیلڈ کا دورہ کرنا چاہئے اور پینے کے پانی کی ضروریات اور پانی کے وسائل کی دستیابی کا معائنہ کرنا چاہئے۔ پانی کے تحفظ کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پانی کی فراہمی کے متبادل انتظامات کے لئے ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ ضلع میں منظور شدہ ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔ خاص طور پر پنچایت راج، دیہی پانی کی فراہمی اور دیگر انجینئرنگ محکموں کو پینے کے پانی کے ٹینکوں اور امرت اسکیم کے کاموں کی پیشرفت کو بہتر بنانا چاہیے۔وینکٹا رمنایہ، راما لنگیشور گوڑ، کے ایس ای نوین کمار، ڈی ای او گووندا راجولو، ہاؤسنگ پی ڈی شنکر نائک، جگدیشوری، بال راج، سیدولو اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔