قرآن کی پھر بے حرمتی کی اجازت نہیں دی گئی: اسٹاک ہوم

   

اسٹاک ہوم : سویڈن میں ڈینش انتہا پسند دائیں بازو سیاسی جماعت اسٹرام کْرس کیلیڈر راسموس پالوڈان کے مذموم مظاہروں کے بعد اب کی بار سویڈش انتظامیہ نے قرآن کریم کی بے حرمتی کرنے کی اجازت نہیں دی۔اسٹاک ہوم پولیس کے پریس ترجمان اولا اوسٹرلنگ نے بتایا کہ ایک شخص دوبارہ ترک سفارت خانے کے سامنے قرآن کریم کو نذر آتش کرنا چاہتا تھا جس کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔اوسٹر لنگ نے بتایا کہ اس واقعہ سے قبل ہمارا رابطہ سویڈش خفیہ ادارے سے ہوا جس کے نتیجے میں ہم نے اس شخص کو یہ مظاہرہ کرنے سے روک دیا جس کی شناخت ظاہر کرنا ہم مناسب نہیں سمجھتے۔اسٹاک ہوم میں گزشتہ ماہ انتہا پسند لیڈر راسموس پالوڈان نے ترک سفارت خانے کے سامنے قرآن کریم نذر آتش کیا تھا جس پر وہاں موجود پولیس خاموش تماشہ دیکھتی رہی تھِی۔