قرض تلے دبے سوڈان کو جرمن اور فرانسیسی امداد کی پیشکش

   

پیرس : سوڈانی صدر عبداللہ حمدوک کے مطابق مشرقی افریقہ کا یہ ملک تقریباً ساٹھ ارب ڈالر کا مقروض ہے۔ فرانس اور جرمنی نے قرض کے بوجھ سے نکلنے میں سوڈان کو مدد کی پیش کش کی ہے۔ فرانس نے قرض کے بحران سے دوچار سوڈان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو واجبات کی ادائیگی کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کا قرض دینے کی پیش کش کی ہے جبکہ جرمنی نے بھی سوڈان کو قرض کے بوجھ سے نکلنے میں مدد کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں نے پیر کے روز پیرس میں کئی افریقی رہنماوں کے ساتھ میٹنگ کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے اس تبدیلی کو ’’حوصلہ افزا‘‘ اور ’’مثالی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان کو اس کے مقاصد کے حصول میں بین الاقوامی برداری کواپنی ’’اجتماعی ذمہ داری‘‘ ادا کرنی چاہیے۔میکروں نے سوڈان پر فرانس کا پانچ ارب ڈالر کا قرض معاف کرنے کا بھی اعلان کیا۔میٹنگ میں امریکہ اور برطانیہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے بھی سوڈان کو آئی ایم ایف کے قرض کے بوجھ سے نجات دلانے میں مدد کرنے سے اتفاق کیا۔پیرس کی اس میٹنگ میں موجود جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے بھی سوڈان کو قرض کے بوجھ سے راحت دلانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ برلن نے سوڈان کو آئی ایم ایف کا قرض ادا کرنے کے لیے ایک سو دس ملین ڈالر دینے کا عہد کیا ہے۔ جرمنی نے باہمی قرض میں راحت دینے کے لیے 390 ملین یورو کی مزید پیشکش کی ہے۔