قصوروار لوگ ہی دوسروں کو دھمکاتے ہیں : سومی علی

   

ممبئی ، 6 جون (ایجنسیز) بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان اور متنازعہ فلم ’کالا ہرن‘ کے درمیان جاری قانونی تنازعہ نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں اب سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ سومی علی بھی اس معاملے میں سامنے آگئی ہیں اور انہوں نے فلم کے پروڈیوسر امیت جانی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ فلم ’کالا ہرن‘ کے پروڈیوسر امیت جانی نے دعویٰ کیا ہے کہ سلمان خان کی جانب سے قانونی نوٹس موصول ہونے کے بعد انہیں مسلسل دھمکی آمیز پیغامات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں انہیں غیر متوقع طور پر سومی علی کی حمایت حاصل ہوئی، جس نے اس تنازعہ کو مزید خبروں کی زینت بنا دیا۔ سومی نے امیت جانی کی سوشل میڈیا پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر فلم ساز کو اپنی پسند کے موضوع پر فلم بنانے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ صرف وہی لوگ دوسروں کو دھمکاتے یا حقائق سے چھپنے کی کوشش کرتے ہیں جو خود کو قصوروار سمجھتے ہیں۔ دوسری جانب سلمان خان کے قانونی نمائندوں نے فلم سازوں کو باقاعدہ نوٹس بھیجا ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فلم ’کالا ہرن‘ 1998 کے مشہور کالا ہرن کے شکار کیس سے متاثر معلوم ہوتی ہے اور اس میں سلمان خان کے شخصی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ سلمان خان کے وکیل کے مطابق مذکورہ مقدمہ اب بھی راجستھان ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔