قطر میں آج پہلے عام انتخابات ،خواتین امیدوار بہت کم

,

   

دوحہ : قطر کی 45 نشستوں والی شوریٰ کونسل میں 30 اراکین کے انتخاب کے لیے ہفتہ دو اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ بقیہ 15 اراکین کو امیر قطر خود نامزد کریں گے۔ خواتین امیدوار بہت کم تعداد میں الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔قطری عوام اپنے پہلی شوری کونسل کے انتخابات کے لیے 2 اکتوبر کو ووٹ ڈالیں گے۔ خلیج، جہاں کے بیشتر ملکوں میں شہنشایت ہے، قطر کے اس انتخاب کو ایک علامتی جمہوری قدم سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ منتخب شوری کونسل کے پاس محدود اختیارات ہوں گے۔ ماضی میں شوری کونسل کی تقرری امیر قطر خود کرتے تھے اور اس کے اختیارات صرف مشاورت تک محدود تھے۔ووٹنگ کا عمل ہفتے کے روز صبح آٹھ بجے شروع ہوگا جبکہ شام تک شوری کونسل کے لیے منتخب اراکین کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔قطر کے شہروں میں مختلف مقامات پر پوسٹر دیکھے جاسکتے ہیں جن میں امیدواروں نے لوگوں سے اپنے حق میں ووٹ دینے کی اپیلیں کی ہیں۔ امیدواروں نے ٹاون ہال میٹنگیں بھی کیں اور ٹی وی پر اشتہارات بھی دیے۔ تاہم سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ چونکہ یہ پہلا الیکشن ہے اس لیے کسی حکومت کی تبدیلی یا کسی سیاسی پارٹی کے خلاف مہم دیکھنے کو نہیں ملی۔