قطر کے ساتھ اختلاف کا صفحہ پلٹ دیا ہے : انور قرقاش

   

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک کے بیچ اختلاف کا صفحہ پلٹ دیا گیا ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ یہ پریس کانفرنس سعودی عرب کے شہر العْلا میں ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس کے ما حصل کے حوالے سے منعقد کی گئی۔قرقاش کا کہنا تھا کہ “ہم مسرور ہیں کہ ہم نے اس بحران کا صفحہ پلٹ دیا اور اب خلیج تعاون کونسل کے مستقبل کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ امارات العْلا معاہدے پر عمل درامد کے لیے کام کر رہا ہے”۔اماراتی وزیر نے مزید کہا کہ “ہمیں چاروں ممالک (سعودی عرب، امارات، بحرین اور مصر) اور قطر کے بیچ اعتماد قائم کرنے کی ضرورت ہے”۔قرقاش کے مطابق امارات کے نزدیک خلیجی یک جہتی کا فیصلہ درست ہے اور یہ بحران اگرچہ پہلا نہیں تھا مگر یہ سب سے زیادہ سنگین تھا۔واضح رہے کہ منگل کے روز خلیج تعاون کونسل کے 41 ویں سربراہ اجلاس میں رکن ممالک کے بیچ یک جہتی اور یک صف ہونے پر زور دیا گیا تا کہ خطرات اور مداخلتوں کا سامنا کیا جا سکے۔