قوموں کے عروج و زوال میں کتابوں اور کتب خانوں کا اہم کردار

   

بیرپور (سوپول) : معاشرتی اصلاح میں کتابوں کی اہمیت اورکردار کا ذکر کرتے ہوئے سروودے بال ودیالہ دہلی کے سینئر استاذ ڈاکٹر مہربان علی نے کہا کہ قوموں کے عروج و زوال میں کتابوں اور لائبریریوں کا اہم کردار ہوتا ہے اس لئے ہمیں گوناگوں ترقی کے لئے اپنی زندگی کو کتابوں سے وابستہ کرنا چاہئے۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں الحکمہ بپلک لائبریری کا افتتاح اور ’اصلاح معاشرہ اوراس کی تدابیر‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ الحکمہ پبلک لائبریری کے بانی ڈاکٹر مہربان علی نے لائبریری کے قیام کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ آج ہمارا معاشرہ جدید تکنالوجی کااستعمال حصول علم کے بجائے لغو باتوں کے لئے زیادہ کرتا ہے اور ہم کتابو ں سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ اس لئے ہمارے معاشرے سے اچھے اور قابل افراد نہیں نکل رہے ہیں اور ہمارے درمیان سے ڈاکٹر، انجینئر، سول سرونٹ، استاذ دیگر علوم کے ماہرین نہیں نکل رہے ہیں۔ اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم کتابوں کی طرف رجوع کریں اور کتابوں سے استفادہ کریں۔