قومی سطح پر مسلمانوں سے انصاف انڈیا اتحاد اور کانگریس سے ممکن

   

صدر تعمیر ملت جناب ضیا الدین نیر کا بیان
حیدرآباد 27 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت جناب محمد ضیا الدین نیر نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں میں اتحاد وقت کا تقاضہ ہے ۔ اب جبکہ لوک سبھا کے عام انتخابات قریب ہیں جس میں مسلمانوں کو اپنے ووٹنگ کے تناسب کو بڑھاکر اہم کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ مجلس تعمیر ملت کی جانب سے دستور بچاؤ ، ملک بچاؤ مہم بھی چلائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 سال میں مسلمانوں سے جو انصافیوں کا سلسلہ جاری ہے ایسے میں اب ضرورت ہے کہ قومی سطح پر انڈیا اتحاد اور کانگریس کی تائید کی جائے جو فرقہ پرست جماعت کا مقابلہ کرنے کی اہل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ و مقننہ میں مسلم ارکان کا تناسب گھٹتا جارہا ہے جو باعث تشویش ہے ۔ سیکولر جماعتوں کو چاہئے کہ وہ آبادی کے تناسب سے مسلم امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارتے ہوئے ان کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے اور اس کا خیال رکھا جائے جہاں جن حلقوں میں مسلم امیدوار کا قبضہ ہے وہاں اس کے خلاف کسی امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارنے کی بجائے موجودہ امیدوار کو ہی کامیاب بنانے کی کوشش کی جائے ۔ جناب محمد ضیا الدین نیر نے کہا کہ بی جے پی کی حکمرانی میں بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کی تعمیر اور مسلمانوں کے خلاف بلڈوزر کارروائی و ظلم و زیادتی اور ہجومی تشدد کے واقعات و مساجد و مدرسوں کے انہدام کے جو حالات پیش آئے ہیں اس کو مد نظر رکھتے ہوئے کانگریس کو ووٹ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ کانگریس ہی بی جے پی کا واحد متبادل ہے ۔۔