قومی شاہراہ الگول پر سڑک حادثہ، منی ٹرک شعلہ پوش

   

ٹراویل بس سے تصادم، ایک شخص جل گیا، کئی افراد جھلس گئے، فائر انجن کے ذریعہ آگ پر قابو

ظہیرآباد۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں قومی شاہراہ 65 الگول چوراستہ پر ٹراویلس اور اشوک لی لینڈ منی ٹرک کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجہ میں ایک شخص برسر موقع ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر بری طرح زخمی ہوگئے جنہیں بغرض علاج حیدرآباد منتقل کر دیا گیا۔ سب انسپکٹر ظہیرآباد سریکانت کی اطلاع کے بموجب منی ٹرک، اشوک لی لینڈ میں سوار افراد گزشتہ شب مشیر آباد میں شادی میں شرکت کے بعد واپس مہاراشٹرا کے ضلع لاتور جارہے تھے کہ ظہیرآباد کے نواحی علاقہ الگول چوراستہ پر ممبئی سے حیدرآباد جارہی تیز رفتار ٹراویل بس نے مخالف سمت آنے والی منی ٹرک کے ڈیزل ٹینک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں آگ بھڑک اٹھی۔ ایک شخص جل کر برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ظہیرآباد مقام حادثہ پہنچ کر فائر انجن کی مدد سے آگ پر قابو پالیا۔ منی ٹرک کے پچھلے حصہ میں موجود سامان کے ساتھ بیٹھنے والے سمیر جو آگ کے لپیٹ میں جل کر خاکستر ہوگئے۔ منی ٹرک کے تین افراد اور ٹرویل بس کے چار مسافر جو شدید زخمی ہوئے اور ٹراویل بس کا کلینر ناگیش جو شدید طور پر جھلس گیا تھا بغرض علاج حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔ پولیس ظہیرآباد ضابطہ کی کارروائی کرکے ٹراویل ڈرائیور جگناتھ پر ایک مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا۔ سمیر کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری دواخانہ ظہیرآباد منتقل کردیا گیا۔ مقام حادثہ پر وی رگھو ڈی ایس پی ظہیرآباد، ٹی بھوپتی سرکل انسپکٹر و دیگر پولیس عملہ موجود تھا۔