قومی یکجہتی ، تمام مذاہب کا احترام ، ہندوستان کی شان

   

ورنگل میں رکن اسمبلی این راجندر ریڈی کی جانب سے دعوت افطار کے موقع پر مختلف قائدین کا خطاب

ورنگل /31 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ نائنی راجندر ریڈی کی جانب سے زکریا فنکشن ہال رائے پورہ ہنمکنڈہ میں مسلمانوں کیلئے بڑے پیمانے پر افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے رکن راجیہ سبھا انیل یادو ،ریاستی چیرمین وقف بورڈ تلنگانہ سید عظمت اللہ حسینی ، ریاستی چیرمین حج کمیٹی تلنگانہ مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی الرفاعی القادری المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹھ ،ریاستی وائس چیرمین ٹمریز جناب فہیم فینانس کارپوریشن چیرمین سرسلہ راجیا ،ریاستی لائریری چیرمین ڈاکٹر محمد ریاض ، حضرت بختیار بیابانی جانشین درگاہ قاضی پیٹ ،اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ نائنی راجندر ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ جس بھروسے کے ساتھ مسلمانوں نے انہیں اپنی محنت کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی دلوائی ہے ۔ اس بھروسے کی لاج رکھی جائے گی۔ مسلمانوں کے اس احسان کو وہ کبھی نہیں بھولیں گے۔جناب سید عظمت اللہ حسینی ، جناب فہیم ،جناب خسرو پاشاہ ،جناب سرسلہ راجیا نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان ایک قومی یکجہتی کا مظہر ہے جہاں تمام مذاہب کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں۔ یہی ہمارے ہندوستان کی شان ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان صبر کا مہینہ ہے ، صبر کا بدلہ جنت ہے ۔ مولانا خسرو پاشاہ نے دعا کی۔ مولانا محمد فصیح الدین قاسمی نے مغرب کی نماز کی امامت کی۔ سید مخدوم محی الدین نے نظامت کی۔ اس موقع پر سابق لائبریری چیرمین محمد عزیز خان ، سابق کارپوریٹر محمد ابوبکر ، ڈاکٹر انیس احمد صدیقی اور دیگر نے مخاطب کیا۔ جناب محمد اسماعیل شمسی سابق صدر نشین وقف بورڈ ورنگل، جناب محمد احمد شمسی اور ان کی ٹیم نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کا حصہ لیا۔ تمام حاضرین کے لئے افطار کے بعد طعام کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر سٹی چیرمین کانگریس کمیٹی مرزا عزیز بیگ ،محمد ایوب میناریٹی سیل چیرمین ورنگل ، سینئر کانگریس قائد بودی ریڈی پربھاکر ریڈی ،کانگریس قائد رحیم النساء بیگم ، ای وی سرینواس ، ڈاکٹر ولی اللہ قادری ، کارپوریٹرس ، سابق کارپوریٹرس ، ڈویڑن صدور ،کانگریس کارکن کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔