قید کے دوران بہتر کردار والے قیدیوں کو فوری رہا کرنے پر زور

   

پروفیسر قاسم کی ضمانت ، ملگ پولیس اسٹیشن میں حاضری ، میڈیا سے خطاب
حیدرآباد۔ پروفیسر قاسم نے تلنگانہ حکومت سے اپیل کی کہ وہ فوری ان قیدیوں کی رہائی عمل میں لائے جن کا کردار دوران قید بہتر رہا ہے اور جن میں تبدیلی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ پروفیسر قاسم جنہیں پولیس نے نکسلائٹس کے انقلابی مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا لیکن انہیں عدالت سے مشروط ضمانت حاصل ہوئی تھی اور وہ ضمانت کی شرط کے مطابق ملگ پولیس اسٹیشن پہنچے تھے اور حاضری کے بعد انہو ںنے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ اچھے کردار والے قیدیوں کی رہائی کے اقدام کرے تاکہ انہیں تبدیلی کا موقع فراہم کیا جاسکے ۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کے لئے احکام کی اجرائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پولیس کو اس بات کا بھی پابند بنائے کہ وہ سماجی کارکنوں‘ سنجیدہ شہریوں اور مجرموں کے درمیان فرق کرے اور انقلابی سرگرمیوں کا حصہ بننے والوں کی گرفتاری کے بجائے مجرمانہ سرگرمیوں کو روکنے کے اقدامات کرے۔ پروفیسرقاسم نے ان کی گرفتاری اور ان پر درج کئے گئے مقدمہ پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کے الزامات لگائے گئے ہیں وہ بے بنیاد ہیں اور انہیں عدالت پر یقین ہے کہ عدالت میں وہ بے قصور ثابت ہوں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ عدالت نے جن شرائط کے ساتھ انہیں ضمانت پر رہا کیا ہے ان شرائط کے تکمیل کیلئے وہ ملگ پولیس اسٹیشن پہنچے ہیں اور حاضری دینے کے بعد واپس ہورہے ہیں۔