قیمت میں جس نے اضافہ کیا وہی کم کرے: دیاکر راؤ

   

پٹرولیم اشیاء پر ریاستی ٹیکسیس میں کوئی اضافہ نہیں، مرکز سے بقایا جات کی عدم اجرائی
حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج دیاکر راؤ نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جس نے اضافہ کیا ہے اسی کو کم کرنا چاہیئے۔ تلنگانہ حکومت نے ٹیکسوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا لہذا ریاستی حکومت سے کمی کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیاکر راؤ نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں میں مرکزی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ٹیکسوں کے ذریعہ اضافہ کردیا ہے۔ گزشتہ دنوں جو کمی کی گئی وہ معمولی نوعیت کی ہے۔ نریندر مودی حکومت اگر عوام کو راحت پہنچانے میں سنجیدہ ہے تو اسے 2014 کے ٹیکس کو بحال کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے 2014 کے بعد سے پٹرولیم اشیاء پر ریاستی ٹیکسیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا لہذا کمی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وزیر پنچایت راج نے کہا کہ مرکزی حکومت دیہی ضمانت روزگار اسکیم کے بلز کی ادائیگی میں تاخیر کررہی ہے۔ تلنگانہ میں مرکزی اسکیم کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی ضمانت روزگار اسکیم کے ایام کار میں اضافہ کیا جائے اور بجٹ کو 16 کروڑ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے نتیجہ میں زرعی مزدوروں کو فائدہ ہوا ہے۔ اسکیم پر عمل آوری میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ گزشتہ تین ماہ میں 97 کروڑ کے بقایا جات ادا نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بقایا جات کی اجرائی میں تاخیر سے مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائیلی علاقوں میں حکومت کی جانب سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ر