ق6قافلوں کے ذریعہ 2300 عازمین سعودی عرب روانہ

   

حج ہاؤز پر روح پرور مناظر ۔ آج 4 قافلوں کی روانگی

حیدرآباد 27 جولائی (سیاست نیوز) حج 2019 ء کے لئے حیدرآباد سے تاحال 6 قافلوں کے ذریعہ 2300 عازمین حج سعودی عرب کے لئے روانہ ہوچکے ہیں۔ 18 جولائی کو حج کیمپ کے آغاز کے بعد سے تاحال 6 قافلے ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ روانہ ہوئے جن میں 5 کمسن عازم شامل ہیں۔ آج 3 قافلوں کی روانگی عمل میں آئی۔ حج ہاؤز نامپلی سے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ عازمین حج کو شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ حج ٹرمنل منتقل کیا گیا۔ تلبیہ کی گونج میں خصوصی بسیں روانہ ہوئیں۔ اِس موقع پر عازمین کے رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد اُنھیں وداع کرنے کے لئے موجود تھی۔ عازمین حج کو اُن کے رشتہ داروں نے بادیدۂ نم رخصت کیا۔ حج کمیٹی کے عہدیداروں اور حج والینٹرس نے عازمین حج کی رہنمائی کی اور کسٹمس، ایمگریشن، فارن کرنسی اور دیگر سرکاری اُمور کی تکمیل میں تعاون کیا۔ والینٹرس نے احرام باندھنے میں عازمین حج کی مدد کی۔ تینوں قافلوں کی روانگی کے موقع پر علمائے کرام کے خطاب رکھے گئے جنھوں نے مناسک حج کی تفصیلات کے علاوہ حرمین شریفین کے آداب سے واقف کرایا۔ پہلا قافلہ صبح کی اوّلین ساعتوں میں حج ہاؤز سے روانہ ہوا اور 9.55 بجے طیارہ نے اُڑان بھری۔ دوسرے قافلہ نے 7.25 بجے اور تیسرے قافلہ نے 9.15 بجے پرواز کی۔ ریاستی وزیر اسپورٹس سرینواس گوڑ، صدرنشین کھادی اینڈ ولیج بورڈ مولانا یوسف زاہد، ارکان اسمبلی جعفر حسین معراج، ممتاز احمد خاں، صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں اور ایگزیکٹیو آفیسر بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے قافلوں کو وداع کیا اور عازمین حج سے ریاست کی ترقی کے لئے دعا کی اپیل کی۔ مفتی محمد انعام الرحمن نے اپنے خطاب میں عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران اپنا وقت عبادتوں میں صرف کریں۔ ایام حج کے دوران دعاؤں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اتوار 28 جولائی کو 4 قافلے روانہ ہوں گے۔ پہلا قافلہ صبح 5.55 بجے پرواز کرے گا۔ جبکہ دوسری فلائیٹ شام 7.55 بجے، تیسری فلائیٹ رات 9.25 بجے اور چوتھی فلائیٹ رات 10.25 بجے پرواز کرے گی۔ اطلاعات کے مطابق کل روانہ ہوئے عازمین حج نے عمرہ کی تکمیل کرلی ہے اور عبادات میں مصروف ہیں۔ مختلف محکمہ جات کی جانب سے حج ہاؤز اور اُس کے اطراف بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خان انتظامات کے بارے میں وقتاً فوقتاً معلومات حاصل کررہے ہیں۔ حج ہاؤز کی تین منزلوں میں رہائش کا انتظام کیا گیا ہے اور زاید فلائیٹس کی صورت میں زیرتعمیر کامپلکس میں رہائش کا انتظام رہے گا۔