واشنگٹن : لاس اینجلس میں 7 جنوری کو بھڑکنے والی آگے کے فوراً بعد اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ نے متاثرہ افراد کی مدد شروع کردی ہے۔ تنظیم نے ریلیف کام کے لیے 250,000 ڈالر مختص کیے ہیں۔متاثرہ لوگوں کو گرم کپڑے، کمبل اور تازہ خوراک پہنچانے کے علاوہ اکنا کے مخفف سے موسوم تنظیم، ماہر ین نفسیات کی خدمات بھی فراہم کر رہی ہے جو لوگوں کو اس المناک صورت حال میں تسلی اور امید کا پیغام دے رہے ہیں۔اکنا ریلیف یو ایس اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالروف خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ان کیاسلامی فلاحی تنطیم تین ہزار خاندانوں کو امداد فراہم کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ ریاست کیلی فورنیا کے جنوب میں آگ پھیلنے کے اس واقعہ کے دوران 20 مسلمان خاندان بھی بے گھر ہوئے۔ انسانی ہمدردی کی تنظیم اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ (ICNA) کا ایک کارکن لاس اینجلس کے علاقے میں آگ کے قریب کام کر رہا ہے۔