لالو پرساد کو ضمانت لیکن فی الحال جیل سے رہائی نہیں

,

   

رانچی : چارہ گھوٹالہ معاملے میں سز ا کاٹ رہے راشٹریہ جنتادل (آرجے ڈی ) صدر لالو پرساد یادو کو چائباسا ٹریژری سے غیر قانونی نکاسی معاملے میں ضمانت ملنے کے بعد بھی فی الحال جیل سے باہر نہیں آپانے سے بہار اسمبلی انتخاب میں اپنے لیڈر کی موجودگی کی راہ دیکھ رہے آرجے ڈی کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے ۔جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں جسٹس اپریش کمار کی عدالت نے آر جے ڈی صدر مسٹر یادو کی جانب سے چائباسا ٹریژری سے غیر قانونی نکاسی معاملے میں دائر کی گئی ضمانت کی عرضی پر جمعہ کو سماعت کے بعد انہیں ضمانت دے دی گئی ۔ ساتھ ہی عدالت نے لالو کو زیریں عدالت میں دولاکھ روپے جمع کرنے اور رانچی کے راجندر انسٹی چیوٹی آف میڈیکل سائنس ( ریمس ) کو 6 نومبر تک لالو کی میڈیکل رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔یادو کی جانب سے پیش ہوئے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ چائباسا ٹریژری سے غیر قانونی نکاسی معاملے میں لالو نے آدھی سزا پوری کرلی ہے ۔ اس بنیاد پر انہیں ضمانت دی جائے ۔ عدالت نے سماعت کے بعد اس معاملے میں لالو کی ضمانت عرضی منظور کرلی ۔ لیکن ، دمکا ٹریژری سے غیرقانونی نکاسی معاملے میں سماعت پوری نہیں ہونے تک جیل سے باہر نہیں آپائیںگے ۔بہار اسمبلی انتخاب کے مد نظر آر جے ڈی کو اپنے صدر لالو پرساد کے باہر آنے کا بے صبری سے انتظارتھا ۔ لیکن فی الحال اس کی امیدواروںپر پانی پھر گیا ہے ۔ ایسا مانا جارہاہے کہ دمکا ٹریژری سے غیر قانونی نکاسی معاملے میں لالو کی آدھی سزا 9 نومبر کو پوری ہو جائے گی ۔ اس کے بعد انہیں ضمانت مل سکتی ہے اور وہ جیل سے باہر آسکتے ہیں لیکن تب تک اسمبلی انتخاب ختم ہو چکا ہوگا۔لالو کی ضمانت عرضی پر اس سے قبل 11 ستمبر کو ہوئی سماعت میں سی بی آئی نے عرضی کی مخالفت کی تھی ۔ سی بی آئی نے جواب داخل کرتے ہوئے کہا تھاکہ لالو کو چارہ گھوٹالہ معاملے میں سنائی گئی سبھی سزائیں علیحدہ چل رہی ہیں۔